الاپپوزا، 3/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ کےالاپپوزا میں پیر کی رات ایک المناک سڑک حادثہ رونما ہوا، جہاں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بس ایک کار سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار 5 نوجوانوں کی موت ہو گئی، جن میں سبھی ایم بی بی ایس کے طلبا تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ کلارکوڈ کے قریب رات تقریبا 10 بجے پیش آیا۔
نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تصادم کی وجہ سے کار پوری طرح تباہ ہو گئی جس کی وجہ سے گاڑی کو توڑ کر اس میں بیٹھے لوگوں کو باہر نکالنا پڑا۔ اطلاع کے مطابق جس وقت یہ سڑک حادثہ پیش آیا اس وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ سبھی مہلوکین الاپوجھا کے ٹی ڈی میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس (بیچلر آف میڈیسن اینڈ بیچلر آف سرجری) کے طلباء تھے۔ کار میں 7 لوگ سوار تھے جن میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بس میں سوار 2 لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
مہلوکین طلبا کی شناخت دیونندن، محمد ابراہیم، آیوش شازی، شری دیپ ولسن اور محمد جبار کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے دیونندن اور ابراہیم لکش دیپ کے رہنے والے ہیں جبکہ آیوش، شری دیپ اور جبار کیرالہ کے ہی رہنے والے تھے۔ ان کے اہل خانہ کو اس حادثے کی جانکاری دے دی گئی ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے بعد سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔